Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









an-Naba` Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
78:1یہ لوگ آپس میں کس (چیز) سے متعلق سوال کرتے ہیں،
78:2(کیا) اس عظیم خبر سے متعلق (پوچھ گچھ کر رہے ہیں)،
78:3جس کے بارے میں وہ اختلاف کرتے ہیں،
78:4ہرگز (وہ خبر لائقِ انکار) نہیں! وہ عنقریب (اس حقیقت کو) جان جائیں گے،
78:5(ہم) پھر (کہتے ہیں: اختلاف و انکار) ہرگز (درست) نہیں! وہ عنقریب جان جائیں گے،
78:6کیا ہم نے زمین کو (زندگی کے) قیام اور کسب و عمل کی جگہ نہیں بنایا،
78:7اور (کیا) پہاڑوں کو (اس میں) ابھار کر کھڑا (نہیں) کیا،
78:8اور (غور کرو) ہم نے تمہیں (فروغِ نسل کے لئے) جوڑا جوڑا پیدا فرمایا (ہے)،
78:9اور ہم نے تمہاری نیند کو (جسمانی) راحت (کا سبب) بنایا (ہے)،
78:10اور ہم نے رات کو (اس کی تاریکی کے باعث) پردہ پوش بنایا (ہے)،
78:11اور ہم نے دن کو (کسبِ) معاش (کا وقت) بنایا (ہے)،
78:12اور (اب خلائی کائنات میں بھی غور کرو) ہم نے تمہارے اوپر سات مضبوط (طبقات) بنائے،
78:13اور ہم نے (سورج کو) روشنی اور حرارت کا (زبردست) منبع بنایا،
78:14اور ہم نے بھرے بادلوں سے موسلادھار پانی برسایا،
78:15تاکہ ہم اس (بارش) کے ذریعے (زمین سے) اناج اور سبزہ نکالیں،
78:16اور گھنے گھنے باغات (اگائیں)،
78:17(ہماری قدرت کی ان نشانیوں کو دیکھ کر جان لو کہ) بیشک فیصلہ کا دن (قیامت بھی) ایک مقررہ وقت ہے،
78:18جس دن صور پھونکا جائے گا تو تم گروہ در گروہ (اﷲ کے حضور) چلے آؤ گے،
78:19اور آسمان (کے طبقات) پھاڑ دیئے جائیں گے تو (پھٹنے کے باعث گویا) وہ دروازے ہی دروازے ہو جائیں گے،
78:20اور پہاڑ (غبار بنا کر فضا میں) اڑا دیئے جائیں گے، سو وہ سراب (کی طرح کالعدم) ہو جائیں گے،
78:21بیشک دوزخ ایک گھات ہے،
78:22(وہ) سرکشوں کا ٹھکانا ہے،
78:23وہ ختم نہ ہونے والی پے در پے مدتیں اسی میں پڑے رہیں گے،
78:24نہ وہ اس میں (کسی قسم کی) ٹھنڈک کا مزہ چکھیں گے اور نہ کسی پینے کی چیز کا،
78:25سوائے کھولتے ہوئے گرم پانی اور (دوزخیوں کے زخموں سے) بہتی ہوئی پیپ کے،
78:26(یہی ان کی سرکشی کے) موافق بدلہ ہے،
78:27اس لئے کہ وہ قطعًا حسابِ (آخرت) کا خوف نہیں رکھتے تھے،
78:28اور وہ ہماری آیتوں کو خوب جھٹلایا کرتے تھے،
78:29اور ہم نے ہر (چھوٹی بڑی) چیز کو لکھ کر محفوظ کر رکھا ہے،
78:30(اے منکرو!) اب تم (اپنے کئے کا) مزہ چکھو (تم دنیا میں کفر و سرکشی میں بڑھتے گئے) اب ہم تم پر عذاب ہی کو بڑھاتے جائیں گے،
78:31بیشک پرہیزگاروں کے لئے کامیابی ہے،
78:32(ان کے لئے) باغات اور انگور (ہوں گے)،
78:33اور جواں سال ہم عمر دوشیزائیں (ہوں گی)،
78:34اور (شرابِ طہور کے) چھلکتے ہوئے جام (ہوں گے)،
78:35وہاں یہ (لوگ) نہ کوئی بے ہودہ بات سنیں گے اور نہ (ایک دوسرے کو) جھٹلانا (ہوگا)،
78:36یہ آپ کے رب کی طرف سے صلہ ہے جو (اعمال کے حساب سے) کافی (بڑی) عطا ہے،
78:37(وہ) آسمانوں اور زمین کا اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے (سب) کا پروردگار ہے، بڑی ہی رحمت والا ہے (مگر روزِ قیامت اس کے رعب و جلال کا عالم یہ ہوگا کہ) اس سے بات کرنے کا (مخلوقات میں سے) کسی کو (بھی) یارا نہ ہوگا،
78:38جس دن جبرائیل (روح الامین) اور (تمام) فرشتے صف بستہ کھڑے ہوں گے، کوئی لب کشائی نہ کر سکے گا، سوائے اس شخص کے جسے خدائے رحمان نے اِذنِ (شفاعت) دے رکھا تھا اور اس نے (زندگی میں تعلیماتِ اسلام کے مطابق) بات بھی درست کہی تھی،
78:39یہ روزِ حق ہے، پس جو شخص چاہے اپنے رب کے حضور (رحمت و قربت کا) ٹھکانا بنا لے،
78:40بلا شبہ ہم نے تمہیں عنقریب آنے والے عذاب سے ڈرا دیا ہے، اس دن ہر آدمی ان (اعمال) کو جو اس نے آگے بھیجے ہیں دیکھ لے گا، اور (ہر) کافر کہے گا: اے کاش! میں مٹی ہوتا (اور اس عذاب سے بچ جاتا)،



Share this Surah Translation on Facebook...