Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









al-Ma`arij Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
70:1ایک سائل نے ایسا عذاب طلب کیا جو واقع ہونے والا ہے،
70:2کافروں کے لئے جسے کوئی دفع کرنے والا نہیں،
70:3(وہ) اللہ کی جانب سے (واقع ہوگا) جو آسمانی زینوں (اور بلند مراتب درجات) کا مالک ہے،
70:4اس (کے عرش) کی طرف فرشتے اور روح الامین عروج کرتے ہیں ایک دن میں، جس کا اندازہ (دنیوی حساب سے) پچاس ہزار برس کا ہے٭،٭ فِی یَومٍ اگر وَاقِعٍ کا صلہ ہو تو معنی ہوگا کہ جس دن (یومِ قیامت) کو عذاب واقع ہوگا اس کا دورانیہ ٥٠ ہزار برس کے قریب ہے۔ اور اگر یہ تَعرُجُ کا صلہ ہو تو معنی ہوگا کہ ملائکہ اور اَرواحِ مومنین جو عرشِ اِلٰہی کی طرف عروج کرتی ہیں ان کے عروج کی رفتار ٥٠ ہزار برس یومیہ ہے، وہ پھر بھی کتنی مدت میں منزلِ مقصود تک پہنچتے ہیں۔ واﷲ أعلم بالصواب۔ (یہاں سے نوری سال (لا‏ّّّ‎ئٹ ائیر) کے تصور کا اِستنباط ہوتا ہے۔)
70:5سو (اے حبیب!) آپ (کافروں کی باتوں پر) ہر شکوہ سے پاک صبر فرمائیں،
70:6بے شک وہ (تو) اس (دن) کو دور سمجھ رہے ہیں،
70:7اور ہم اسے قریب ہی دیکھتے ہیں،
70:8جس دن آسمان پگھلے ہوئے تانبے کی طرح ہو جائے گا،
70:9اور پہاڑ (دُھنکی ہوئی) رنگین اُون کی طرح ہو جائیں گے،
70:10اور کوئی دوست کسی دوست کا پرساں نہ ہوگا،
70:11(حالانکہ) وہ (ایک دوسرے کو) دکھائے جا رہے ہوں گے، مجرم آرزو کرے گا کہ کاش! اس دن کے عذاب (سے رہائی) کے بدلہ میں اپنے بیٹے دے دے،
70:12اور اپنی بیوی اور اپنا بھائی (دے ڈالے)،
70:13اور اپنا (تمام) خاندان جو اُسے پناہ دیتا تھا،
70:14اور جتنے لوگ بھی زمین میں ہیں، سب کے سب (اپنی ذات کے لئے بدلہ کر دے)، پھر یہ (فدیہ) اُسے (اللہ کے عذاب سے) بچا لے،
70:15ایسا ہرگز نہ ہوگا، بے شک وہ شعلہ زن آگ ہے،
70:16سر اور تمام اَعضائے بدن کی کھال اتار دینے والی ہے،
70:17وہ اُسے بلا رہی ہے جس نے (حق سے) پیٹھ پھیری اور رُوگردانی کی،
70:18اور (اس نے) مال جمع کیا پھر (اسے تقسیم سے) روکے رکھا،
70:19بے شک انسان بے صبر اور لالچی پیدا ہوا ہے،
70:20جب اسے مصیبت (یا مالی نقصان) پہنچے تو گھبرا جاتا ہے،
70:21اور جب اسے بھلائی (یا مالی فراخی) حاصل ہو تو بخل کرتا ہے،
70:22مگر وہ نماز ادا کرنے والے،
70:23جو اپنی نماز پر ہمیشگی قائم رکھنے والے ہیں،
70:24اور وہ (ایثار کیش) لوگ جن کے اَموال میں حصہ مقرر ہے،
70:25مانگنے والے اور نہ مانگنے والے محتاج کا،
70:26اور وہ لوگ جو روزِ جزا کی تصدیق کرتے ہیں،
70:27اور وہ لوگ جو اپنے رب کے عذاب سے ڈرنے والے ہیں،
70:28بے شک ان کے رب کا عذاب ایسا نہیں جس سے بے خوف ہوا جائے،
70:29اور وہ لوگ جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں،
70:30سوائے اپنی منکوحہ بیویوں کے یا اپنی مملوکہ کنیزوں کے، سو (اِس میں) اُن پر کوئی ملامت نہیں،
70:31سو جو ان کے علاوہ طلب کرے تو وہی لوگ حد سے گزرنے والے ہیں،
70:32اور وہ لوگ جو اپنی امانتوں اور اپنے وعدوں کی نگہداشت کرتے ہیں،
70:33اور وہ لوگ جو اپنی گواہیوں پر قائم رہتے ہیں،
70:34اور وہ لوگ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں،
70:35یہی لوگ ہیں جو جنتوں میں معزّز و مکرّم ہوں گے،
70:36تو کافروں کو کیا ہو گیا ہے کہ آپ کی طرف دوڑے چلے آرہے ہیں،
70:37دائیں جانب سے (بھی) اور بائیں جانب سے (بھی) گروہ در گروہ،
70:38کیا ان میں سے ہر شخص یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ (بغیر ایمان و عمل کے) نعمتوں والی جنت میں داخل کر دیا جائے گا؟،
70:39ہرگز نہیں، بے شک ہم نے انہیں اس چیز سے پیدا کیا ہے جسے وہ (بھی) جانتے ہیں،
70:40سو میں مشارق اور مغارب کے رب کی قَسم کھاتا ہوں کہ بے شک ہم پوری قدرت رکھتے ہیں،
70:41اس پر کہ ہم بدل کر ان سے بہتر لوگ لے آئیں، اور ہم ہرگز عاجز نہیں ہیں،
70:42سو آپ انہیں چھوڑ دیجئے کہ وہ اپنی بے ہودہ باتوں اور کھیل تماشے میں پڑے رہیں یہاں تک کہ اپنے اس دن سے آملیں جس کا ان سے وعدہ کیا جا رہا ہے،
70:43جس دن وہ قبروں سے دوڑتے ہوئے یوں نکلیں گے گویا وہ بتوں کے اَستھانوں کی طرف دوڑے جا رہے ہیں،
70:44(ان کا) حال یہ ہو گا کہ ان کی آنکھیں (شرم اور خوف سے) جھک رہی ہوں گی، ذِلت ان پر چھا رہی ہوگی، یہی ہے وہ دن جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا تھا،



Share this Surah Translation on Facebook...