Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









al-Waqi`ah Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
56:1جب واقع ہونے والی واقع ہوجائے
56:2اس کے واقع ہونے میں کچھ جھوٹ نہیں
56:3کسی کو پست کرے کسی کو بلند
56:4جب زمین بھونچال سے لرزنے لگے
56:5اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہوجائیں
56:6پھر غبار ہو کر اُڑنے لگیں
56:7اور تم لوگ تین قسم ہوجاؤ
56:8تو داہنے ہاتھ والے (سبحان الله) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی چین میں) ہیں
56:9اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (گرفتار عذاب) ہیں
56:10اور جو آگے بڑھنے والے ہیں (ان کا کیا کہنا) وہ آگے ہی بڑھنے والے ہیں
56:11وہی (خدا کے) مقرب ہیں
56:12نعمت کے بہشتوں میں
56:13وہ بہت سے تو اگلے لوگوں میں سے ہوں گے
56:14اور تھوڑے سے پچھلوں میں سے
56:15(لعل و یاقوت وغیرہ سے) جڑے ہوئے تختوں پر
56:16آمنے سامنے تکیہ لگائے ہوئے
56:17نوجوان خدمت گزار جو ہمیشہ (ایک ہی حالت میں) رہیں گے ان کے آس پاس پھریں گے
56:18یعنی آبخورے اور آفتابے اور صاف شراب کے گلاس لے لے کر
56:19اس سے نہ تو سر میں درد ہوگا اور نہ ان کی عقلیں زائل ہوں گی
56:20اور میوے جس طرح کے ان کو پسند ہوں
56:21اور پرندوں کا گوشت جس قسم کا ان کا جی چاہے
56:22اور بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں
56:23جیسے (حفاظت سے) تہہ کئے ہوئے (آب دار) موتی
56:24یہ ان اعمال کا بدلہ ہے جو وہ کرتے تھے
56:25وہاں نہ بیہودہ بات سنیں گے اور نہ گالی گلوچ
56:26ہاں ان کا کلام سلام سلام (ہوگا)
56:27اور داہنے ہاتھ والے (سبحان الله) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی عیش میں) ہیں
56:28(یعنی) بےخار کی بیریوں
56:29اور تہہ بہ تہہ کیلوں
56:30اور لمبے لمبے سایوں
56:31اور پانی کے جھرنوں
56:32اور میوہ ہائے کثیرہ (کے باغوں) میں
56:33جو نہ کبھی ختم ہوں اور نہ ان سے کوئی روکے
56:34اور اونچے اونچے فرشوں میں
56:35ہم نے ان (حوروں) کو پیدا کیا
56:36تو ان کو کنواریاں بنایا
56:37(اور شوہروں کی) پیاریاں اور ہم عمر
56:38یعنی داہنے ہاتھ والوں کے لئے
56:39(یہ) بہت سے اگلے لوگوں میں سے ہیں
56:40اور بہت سے پچھلوں میں سے
56:41اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (ہی عذاب میں) ہیں
56:42(یعنی دوزخ کی) لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی میں
56:43اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں
56:44(جو) نہ ٹھنڈا (ہے) نہ خوشنما
56:45یہ لوگ اس سے پہلے عیشِ نعیم میں پڑے ہوئے تھے
56:46اور گناہ عظیم پر اڑے ہوئے تھے
56:47اور کہا کرتے تھے کہ بھلا جب ہم مرگئے اور مٹی ہوگئے اور ہڈیاں (ہی ہڈیاں رہ گئے) تو کیا ہمیں پھر اُٹھنا ہوگا؟
56:48اور کیا ہمارے باپ دادا کو بھی؟
56:49کہہ دو کہ بےشک پہلے اور پچھلے
56:50(سب) ایک روز مقرر کے وقت پر جمع کئے جائیں گے
56:51پھر تم اے جھٹلانے والے گمرا ہو!
56:52تھوہر کے درخت کھاؤ گے
56:53اور اسی سے پیٹ بھرو گے
56:54اور اس پر کھولتا ہوا پانی پیو گے
56:55اور پیو گے بھی تو اس طرح جیسے پیاسے اونٹ پیتے ہیں
56:56جزا کے دن یہ ان کی ضیافت ہوگی
56:57ہم نے تم کو (پہلی بار بھی تو) پیدا کیا ہے تو تم (دوبارہ اُٹھنے کو) کیوں سچ نہیں سمجھتے؟
56:58دیکھو تو کہ جس (نطفے) کو تم (عورتوں کے رحم میں) ڈالتے ہو
56:59کیا تم اس (سے انسان) کو بناتے ہو یا ہم بناتے ہیں؟
56:60ہم نے تم میں مرنا ٹھہرا دیا ہے اور ہم اس (بات) سے عاجز نہیں
56:61کہ تمہاری طرح کے اور لوگ تمہاری جگہ لے آئیں اور تم کو ایسے جہان میں جس کو تم نہیں جانتے پیدا کر دیں
56:62اور تم نے پہلی پیدائش تو جان ہی لی ہے۔ پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟
56:63بھلا دیکھو تو کہ جو کچھ تم بوتے ہو
56:64تو کیا تم اسے اُگاتے ہو یا ہم اُگاتے ہیں؟
56:65اگر ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کردیں اور تم باتیں بناتے رہ جاؤ
56:66(کہ ہائے) ہم تو مفت تاوان میں پھنس گئے
56:67بلکہ ہم ہیں ہی بےنصیب
56:68بھلا دیکھو تو کہ جو پانی تم پیتے ہو
56:69کیا تم نے اس کو بادل سے نازل کیا ہے یا ہم نازل کرتے ہیں؟
56:70اگر ہم چاہیں تو ہم اسے کھاری کردیں پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے؟
56:71بھلا دیکھو تو جو آگ تم درخت سے نکالتے ہو
56:72کیا تم نے اس کے درخت کو پیدا کیا ہے یا ہم پیدا کرتے ہیں؟
56:73ہم نے اسے یاد دلانے اور مسافروں کے برتنے کو بنایا ہے
56:74تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرو
56:75ہمیں تاروں کی منزلوں کی قسم
56:76اور اگر تم سمجھو تو یہ بڑی قسم ہے
56:77کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے
56:78(جو) کتاب محفوظ میں (لکھا ہوا ہے)
56:79اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں
56:80پروردگار عالم کی طرف سے اُتارا گیا ہے
56:81کیا تم اس کلام سے انکار کرتے ہو؟
56:82اور اپنا وظیفہ یہ بناتے ہو کہ (اسے) جھٹلاتے ہو
56:83بھلا جب روح گلے میں آ پہنچتی ہے
56:84اور تم اس وقت کی (حالت کو) دیکھا کرتے ہو
56:85اور ہم اس (مرنے والے) سے تم سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں لیکن تم کو نظر نہیں آتے
56:86پس اگر تم کسی کے بس میں نہیں ہو
56:87تو اگر سچے ہو تو روح کو پھیر کیوں نہیں لیتے؟
56:88پھر اگر وہ (خدا کے) مقربوں میں سے ہے
56:89تو (اس کے لئے) آرام اور خوشبودار پھول اور نعمت کے باغ ہیں
56:90اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہے
56:91تو (کہا جائے گا کہ) تجھ پر داہنے ہاتھ والوں کی طرف سے سلام
56:92اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں سے ہے
56:93تو (اس کے لئے) کھولتے پانی کی ضیافت ہے
56:94اور جہنم میں داخل کیا جانا
56:95یہ (داخل کیا جانا یقیناً صحیح یعنی) حق الیقین ہے
56:96تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرتے رہو



Share this Surah Translation on Facebook...