Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









al-Waqi`ah Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
56:1جب واقع ہونے والی (قیامت) واقع ہو جائے گی،
56:2اُس کے واقع ہونے میں کوئی جھوٹ نہیں ہے،
56:3(وہ قیامت کسی کو) نیچا کر دینے والی (کسی کو) اونچا کر دینے والی (ہے)،
56:4جب زمین کپکپا کر شدید لرزنے لگے گی،
56:5اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہو جائیں گے،
56:6پھر وہ غبار بن کر منتشر ہو جائیں گے،
56:7اور تم لوگ تین قِسموں میں بٹ جاؤ گے،
56:8سو (ایک) دائیں جانب والے، دائیں جانب والوں کا کیا کہنا،
56:9اور (دوسرے) بائیں جانب والے، کیا (ہی برے حال میں ہوں گے) بائیں جانب والے،
56:10اور (تیسرے) سبقت لے جانے والے (یہ) پیش قدمی کرنے والے ہیں،
56:11یہی لوگ (اللہ کے) مقرّب ہوں گے،
56:12نعمتوں کے باغات میں (رہیں گے)،
56:13(اِن مقرّبین میں) بڑا گروہ اگلے لوگوں میں سے ہوگا،
56:14اور پچھلے لوگوں میں سے (ان میں) تھوڑے ہوں گے،
56:15(یہ مقرّبین) زر نگار تختوں پر ہوں گے،
56:16اُن پر تکیے لگائے آمنے سامنے بیٹھے ہوں گے،
56:17ہمیشہ ایک ہی حال میں رہنے والے نوجوان خدمت گار ان کے اردگرد گھومتے ہوں گے،
56:18کوزے، آفتابے اور چشموں سے بہتی ہوئی (شفاف) شرابِ (قربت) کے جام لے کر (حاضرِ خدمت رہیں گے)،
56:19انہیں نہ تو اُس (کے پینے) سے دردِ سر کی شکایت ہوگی اور نہ ہی عقل میں فتور (اور بدمستی) آئے گی،
56:20اور (جنّتی خدمت گزار) پھل (اور میوے) لے کر (بھی پھر رہے ہوں گے) جنہیں وہ (مقرّبین) پسند کریں گے،
56:21اور پرندوں کا گوشت بھی (دستیاب ہوگا) جِس کی وہ (اہلِ قربت) خواہش کریں گے،
56:22اور خوبصورت کشادہ آنکھوں والی حوریں بھی (اُن کی رفاقت میں ہوں گی)،
56:23جیسے محفوظ چھپائے ہوئے موتی ہوں،
56:24(یہ) اُن (نیک) اعمال کی جزا ہوگی جو وہ کرتے رہے تھے،
56:25وہ اِس میں نہ کوئی بیہودگی سنیں گے اور نہ کوئی گناہ کی بات،
56:26مگر ایک ہی بات (کہ یہ سلام والے ہر طرف سے) سلام ہی سلام سنیں گے،
56:27اور دائیں جانب والے، کیا کہنا دائیں جانب والوں کا،
56:28وہ بے خار بیریوں میں،
56:29اور تہ بہ تہ کیلوں میں،
56:30اور لمبے لمبے (پھیلے ہوئے) سایوں میں،
56:31اور بہتے چھلکتے پانیوں میں،
56:32اور بکثرت پھلوں اور میووں میں (لطف اندوز ہوں گے)،
56:33جو نہ (کبھی) ختم ہوں گے اور نہ اُن (کے کھانے) کی ممانعت ہوگی،
56:34اور (وہ) اونچے (پرشکوہ) فرشوں پر (قیام پذیر) ہوں گے،
56:35بیشک ہم نے اِن (حوروں) کو (حسن و لطافت کی آئینہ دار) خاص خِلقت پر پیدا فرمایا ہے،
56:36پھر ہم نے اِن کو کنواریاں بنایا ہے،
56:37جو خوب محبت کرنے والی ہم عمر (ازواج) ہیں،
56:38یہ (حوریں اور دیگر نعمتیں) دائیں جانب والوں کے لئے ہیں،
56:39(ان میں) بڑی جماعت اگلے لوگوں میں سے ہوگی،
56:40اور (ان میں) پچھلے لوگوں میں سے (بھی) بڑی ہی جماعت ہوگی،
56:41اور بائیں جانب والے، کیا (ہی برے لوگ) ہیں بائیں جانب والے،
56:42جو دوزخ کی سخت گرم ہوا اور کھولتے ہوئے پانی میں،
56:43اور سیاہ دھویں کے سایے میں ہوں گے،
56:44جو نہ (کبھی) ٹھنڈا ہوگا اور نہ فرحت بخش ہوگا،
56:45بیشک وہ (اہلِ دوزخ) اس سے پہلے (دنیا میں) خوش حال رہ چکے تھے،
56:46اور وہ گناہِ عظیم (یعنی کفر و شرک) پر اصرار کیا کرتے تھے،
56:47اور کہا کرتے تھے کہ کیا جب ہم مر جائیں گے اور ہم خاک (کا ڈھیر) اور (بوسیدہ) ہڈیاں ہو جائیں گے تو کیا ہم (پھر زندہ کر کے) اٹھائے جائیں گے،
56:48اور کیا ہمارے اگلے باپ دادا بھی (زندہ کئے جائیں گے) ،
56:49آپ فرما دیں: بیشک اگلے اور پچھلے،
56:50(سب کے سب) ایک معیّن دِن کے مقررّہ وقت پر جمع کئے جائیں گے،
56:51پھر بیشک تم لوگ اے گمراہو! جھٹلانے والو،
56:52تم ضرور کانٹے دار (تھوہڑ کے) درخت سے کھانے والے ہو،
56:53سو اُس سے اپنے پیٹ بھرنے والے ہو،
56:54پھر اُس پر سخت کھولتا پانی پینے والے ہو،
56:55پس تم سخت پیاسے اونٹ کے پینے کی طرح پینے والے ہو،
56:56یہ قیامت کے دِن اُن کی ضیافت ہوگی،
56:57ہم ہی نے تمہیں پیدا کیا تھا پھر تم (دوبارہ پیدا کئے جانے کی) تصدیق کیوں نہیں کرتے،
56:58بھلا یہ بتاؤ جو نطفہ (تولیدی قطرہ) تم (رِحم میں) ٹپکاتے ہو،
56:59تو کیا اس (سے انسان) کو تم پیدا کرتے ہو یا ہم پیدا فرمانے والے ہیں،
56:60ہم ہی نے تمہارے درمیان موت کو مقرّر فرمایا ہے اور ہم (اِس کے بعد پھر زندہ کرنے سے بھی) عاجز نہیں ہیں،
56:61اس بات سے (بھی عاجز نہیں ہیں) کہ تمہارے جیسے اوروں کو بدل (کر بنا) دیں اور تمہیں ایسی صورت میں پیدا کر دیں جسے تم جانتے بھی نہ ہو،
56:62اور بیشک تم نے پہلے پیدائش (کی حقیقت) معلوم کر لی پھر تم نصیحت قبول کیوں نہیں کرتے،
56:63بھلا یہ بتاؤ جو (بیج) تم کاشت کرتے ہو،
56:64تو کیا اُس (سے کھیتی) کو تم اُگاتے ہو یا ہم اُگانے والے ہیں،
56:65اگر ہم چاہیں تو اسے ریزہ ریزہ کر دیں پھر تم تعجب اور ندامت ہی کرتے رہ جاؤ،
56:66(اور کہنے لگو): ہم پر تاوان پڑ گیا،
56:67بلکہ ہم بے نصیب ہوگئے،
56:68بھلا یہ بتاؤ جو پانی تم پیتے ہو،
56:69کیا اسے تم نے بادل سے اتارا ہے یا ہم اتارنے والے ہیں،
56:70اگر ہم چاہیں تو اسے کھاری بنا دیں، پھر تم شکر ادا کیوں نہیں کرتے،
56:71بھلا یہ بتاؤ جو آگ تم سُلگاتے ہو،
56:72کیا اِس کے درخت کو تم نے پیدا کیا ہے یا ہم (اسے) پیدا فرمانے والے ہیں،
56:73ہم ہی نے اِس (درخت کی آگ) کو (آتشِ جہنّم کی) یاد دلانے والی (نصیحت و عبرت) اور جنگلوں کے مسافروں کے لئے باعثِ منفعت بنایا ہے،
56:74سو اپنے ربِّ عظیم کے نام کی تسبیح کیا کریں،
56:75پس میں اُن جگہوں کی قَسم کھاتا ہوں جہاں جہاں قرآن کے مختلف حصے (رسولِ عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر) اترتے ہیں٭،٭ یہ ترجمہ حضرت عبد اللہ بن عباس کے بیان کردہ معنی پر کیا گیا ہے، مزید حضرت عکرمہ، حضرت مجاہد، حضرت عبد اللہ بن جبیر، حضرت سدی، حضرت فراء اور حضرت زجاج رضی اللہ عنھم اور دیگر ائمہ تفسیر کا قول بھی یہی ہے؛ اور سیاقِ کلام بھی اسی کا تقاضا کرتا ہے۔ پیچھے سورۃ النجم میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نجم کہا گیا ہے، یہاں قرآن کی سورتوں کو نجوم کہا گیا ہے۔ حوالہ جات کے لئے ملاحظہ کریں: تفسیر بغوی، خازن، طبری، الدر المنثور، الکشاف، تفسیر ابن ابی حاتم، روح المعانی، ابن کثیر، اللباب، البحر المحیط، جمل، زاد المسیر، فتح القدیر، المظہری، البیضاوی، تفسیر ابی سعود اور مجمع البیان۔
56:76اور اگر تم سمجھو تو بیشک یہ بہت بڑی قَسم ہے،
56:77بیشک یہ بڑی عظمت والا قرآن ہے (جو بڑی عظمت والے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اتر رہا ہے)،
56:78(اس سے پہلے یہ) لوحِ محفوظ میں (لکھا ہوا) ہے،
56:79اس کو پاک (طہارت والے) لوگوں کے سوا کوئی نہیں چُھوئے گا،
56:80تمام جہانوں کے ربّ کی طرف سے اتارا گیا ہے،
56:81سو کیا تم اسی کلام کی تحقیر کرتے ہو،
56:82اور تم نے اپنا رِزق (اور نصیب) اسی بات کو بنا رکھا ہے کہ تم (اسے) جھٹلاتے رہو،
56:83پھر کیوں نہیں (روح کو واپس لوٹا لیتے) جب وہ (پرواز کرنے کے لئے) حلق تک آپہنچتی ہے،
56:84اور تم اس وقت دیکھتے ہی رہ جاتے ہو،
56:85اور ہم اس (مرنے والے) سے تمہاری نسبت زیادہ قریب ہوتے ہیں لیکن تم (ہمیں) دیکھتے نہیں ہو،
56:86پھر کیوں نہیں (ایسا کر سکتے) اگر تم کسی کی مِلک و اختیار میں نہیں ہو،
56:87کہ اس (رُوح) کو واپس پھیر لو اگر تم سچّے ہو،
56:88پھر اگر وہ (وفات پانے والا) مقرّبین میں سے تھا،
56:89تو (اس کے لئے) سرور و فرحت اور روحانی رزق و استراحت اور نعمتوں بھری جنت ہے،
56:90اور اگر وہ اصحاب الیمین میں سے تھا،
56:91تو (اس سے کہا جائے گا:) تمہارے لئے دائیں جانب والوں کی طرف سے سلام ہے (یا اے نبی! آپ پر اصحابِ یمین کی جانب سے سلام ہے)،
56:92اور اگر وہ (مرنے والا) جھٹلانے والے گمراہوں میں سے تھا،
56:93تو (اس کی) سخت کھولتے ہوئے پانی سے ضیافت ہوگی،
56:94اور (اس کا انجام) دوزخ میں داخل کر دیا جانا ہے،
56:95بیشک یہی قطعی طور پر حق الیقین ہے،
56:96سو آپ اپنے ربِّ عظیم کے نام کی تسبیح کیا کریں،



Share this Surah Translation on Facebook...