Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









al-Qamar Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
54:1قیامت قریب آ پہنچی اور چاند شق ہوگیا
54:2اور اگر (کافر) کوئی نشانی دیکھتے ہیں تو منہ پھیر لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ایک ہمیشہ کا جادو ہے
54:3اور انہوں نے جھٹلایا اور اپنی خواہشوں کی پیروی کی اور ہر کام کا وقت مقرر ہے
54:4اور ان کو ایسے حالات (سابقین) پہنچ چکے ہیں جن میں عبرت ہے
54:5اور کامل دانائی (کی کتاب بھی) لیکن ڈرانا ان کو کچھ فائدہ نہیں دیتا
54:6تو تم بھی ان کی کچھ پروا نہ کرو۔ جس دن بلانے والا ان کو ایک ناخوش چیز کی طرف بلائے گا
54:7تو آنکھیں نیچی کئے ہوئے قبروں سے نکل پڑیں گے گویا بکھری ہوئی ٹڈیاں
54:8اس بلانے والے کی طرف دوڑتے جاتے ہوں گے۔ کافر کہیں گے یہ دن بڑا سخت ہے
54:9ان سے پہلے نوحؑ کی قوم نے بھی تکذیب کی تھی تو انہوں نے ہمارے بندے کو جھٹلایا اور کہا کہ دیوانہ ہے اور انہیں ڈانٹا بھی
54:10تو انہوں نے اپنے پروردگار سے دعا کی کہ (بار الٓہا) میں (ان کے مقابلے میں) کمزور ہوں تو (ان سے) بدلہ لے
54:11پس ہم نے زور کے مینہ سے آسمان کے دہانے کھول دیئے
54:12اور زمین میں چشمے جاری کردیئے تو پانی ایک کام کے لئے جو مقدر ہوچکا تھا جمع ہوگیا
54:13اور ہم نے نوحؑ کو ایک کشتی پر جو تختوں اور میخوں سے تیار کی گئی تھی سوار کرلیا
54:14وہ ہماری آنکھوں کے سامنے چلتی تھی۔ (یہ سب کچھ) اس شخص کے انتقام کے لئے (کیا گیا) جس کو کافر مانتے نہ تھے
54:15اور ہم نے اس کو ایک عبرت بنا چھوڑا تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:16سو (دیکھ لو کہ) میرا عذاب اور ڈرانا کیسا ہوا؟
54:17اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کردیا ہے تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:18عاد نے بھی تکذیب کی تھی سو (دیکھ لو کہ) میرا عذاب اور ڈرانا کیسا ہوا
54:19ہم نے ان پر سخت منحوس دن میں آندھی چلائی
54:20وہ لوگوں کو (اس طرح) اکھیڑے ڈالتی تھی گویا اکھڑی ہوئی کھجوروں کے تنے ہیں
54:21سو (دیکھ لو کہ) میرا عذاب اور ڈرانا کیسا ہوا
54:22اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کردیا ہے تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:23ثمود نے بھی ہدایت کرنے والوں کو جھٹلایا
54:24اور کہا کہ بھلا ایک آدمی جو ہم ہی میں سے ہے ہم اس کی پیروی کریں؟ یوں ہو تو ہم گمراہی اور دیوانگی میں پڑ گئے
54:25کیا ہم سب میں سے اسی پر وحی نازل ہوئی ہے؟ (نہیں) بلکہ یہ جھوٹا خود پسند ہے
54:26ان کو کل ہی معلوم ہوجائے گا کہ کون جھوٹا خود پسند ہے
54:27(اے صالح) ہم ان کی آزمائش کے لئے اونٹنی بھیجنے والے ہیں تو تم ان کو دیکھتے رہو اور صبر کرو
54:28اور ان کو آگاہ کردو کہ ان میں پانی کی باری مقرر کر دی گئی ہے۔ ہر (باری والے کو اپنی) باری پر آنا چاہیئے
54:29تو ان لوگوں نے اپنے رفیق کو بلایا اور اس نے (اونٹنی کو پکڑ کر اس کی) کونچیں کاٹ ڈالیں
54:30سو (دیکھ لو کہ) میرا عذاب اور ڈرانا کیسا ہوا
54:31ہم نے ان پر (عذاب کے لئے) ایک چیخ بھیجی تو وہ ایسے ہوگئے جیسے باڑ والے کی سوکھی اور ٹوٹی ہوئی باڑ
54:32اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کردیا ہے تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:33لوط کی قوم نے بھی ڈر سنانے والوں کو جھٹلایا تھا
54:34تو ہم نے ان پر کنکر بھری ہوا چلائی مگر لوط کے گھر والے کہ ہم نے ان کو پچھلی رات ہی سے بچا لیا
54:35اپنے فضل سے۔ شکر کرنے والوں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
54:36اور لوطؑ نے ان کو ہماری پکڑ سے ڈرایا بھی تھا مگر انہوں نے ڈرانے میں شک کیا
54:37اور ان سے ان کے مہمانوں کو لے لینا چاہا تو ہم نے ان کی آنکھیں مٹا دیں سو (اب) میرے عذاب اور ڈرانے کے مزے چکھو
54:38اور ان پر صبح سویرے ہی اٹل عذاب آ نازل ہوا
54:39تو اب میرے عذاب اور ڈرانے کے مزے چکھو
54:40اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کردیا ہے تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:41اور قوم فرعون کے پاس بھی ڈر سنانے والے آئے
54:42انہوں نے ہماری تمام نشانیوں کو جھٹلایا تو ہم نے ان کو اس طرح پکڑ لیا جس طرح ایک قوی اور غالب شخص پکڑ لیتا ہے
54:43(اے اہل عرب) کیا تمہارے کافر ان لوگوں سے بہتر ہیں یا تمہارے لئے (پہلی) کتابوں میں کوئی فارغ خطی لکھ دی گئی ہے
54:44کیا یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہماری جماعت بڑی مضبوط ہے
54:45عنقریب یہ جماعت شکست کھائے گی اور یہ لوگ پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے
54:46ان کے وعدے کا وقت تو قیامت ہے اور قیامت بڑی سخت اور بہت تلخ ہے
54:47بےشک گنہگار لوگ گمراہی اور دیوانگی میں (مبتلا) ہیں
54:48اس روز منہ کے بل دوزخ میں گھسیٹے جائیں گے اب آگ کا مزہ چکھو
54:49ہم نے ہر چیز اندازہٴ مقرر کے ساتھ پیدا کی ہے
54:50اور ہمارا حکم تو آنکھ کے جھپکنے کی طرح ایک بات ہوتی ہے
54:51اور ہم تمہارے ہم مذہبوں کو ہلاک کرچکے ہیں تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟
54:52اور جو کچھ انہوں نے کیا، (ان کے) اعمال ناموں میں (مندرج) ہے
54:53(یعنی) ہر چھوٹا اور بڑا کام لکھ دیا گیا ہے
54:54جو پرہیزگار ہیں وہ باغوں اور نہروں میں ہوں گے
54:55(یعنی) پاک مقام میں ہر طرح کی قدرت رکھنے والے بادشاہ کی بارگاہ میں



Share this Surah Translation on Facebook...