Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









an-Najm Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
53:1تارے کی قسم جب غائب ہونے لگے
53:2کہ تمہارے رفیق (محمدﷺ) نہ رستہ بھولے ہیں نہ بھٹکے ہیں
53:3اور نہ خواہش نفس سے منہ سے بات نکالتے ہیں
53:4یہ (قرآن) تو حکم خدا ہے جو (ان کی طرف) بھیجا جاتا ہے
53:5ان کو نہایت قوت والے نے سکھایا
53:6(یعنی جبرائیل) طاقتور نے پھر وہ پورے نظر آئے
53:7اور وہ (آسمان کے) اونچے کنارے میں تھے
53:8پھر قریب ہوئے اوراَور آگے بڑھے
53:9تو دو کمان کے فاصلے پر یا اس سے بھی کم
53:10پھر خدا نے اپنے بندے کی طرف جو بھیجا سو بھیجا
53:11جو کچھ انہوں نے دیکھا ان کے دل نے اس کو جھوٹ نہ مانا
53:12کیا جو کچھ وہ دیکھتے ہیں تم اس میں ان سے جھگڑتے ہو؟
53:13اور انہوں نے اس کو ایک بار بھی دیکھا ہے
53:14پرلی حد کی بیری کے پاس
53:15اسی کے پاس رہنے کی جنت ہے
53:16جب کہ اس بیری پر چھا رہا تھا جو چھا رہا تھا
53:17ان کی آنکھ نہ تو اور طرف مائل ہوئی اور نہ (حد سے) آگے بڑھی
53:18انہوں نے اپنے پروردگار (کی قدرت) کی کتنی ہی بڑی بڑی نشانیاں دیکھیں
53:19بھلا تم لوگوں نے لات اور عزیٰ کو دیکھا
53:20اور تیسرے منات کو (کہ یہ بت کہیں خدا ہوسکتے ہیں)
53:21(مشرکو!) کیا تمہارے لئے تو بیٹے اور خدا کے لئے بیٹیاں
53:22یہ تقسیم تو بہت بےانصافی کی ہے
53:23وہ تو صرف نام ہی نام ہیں جو تم نے اور تمہارے باپ دادا نے گھڑ لئے ہیں۔ خدا نے تو ان کی کوئی سند نازل نہیں کی۔ یہ لوگ محض ظن (فاسد) اور خواہشات نفس کے پیچھے چل رہے ہیں۔ حالانکہ ان کے پروردگار کی طرف سے ان کے پاس ہدایت آچکی ہے
53:24کیا جس چیز کی انسان آرزو کرتا ہے وہ اسے ضرور ملتی ہے
53:25آخرت اور دنیا تو الله ہی کے ہاتھ میں ہے
53:26اور آسمانوں میں بہت سے فرشتے ہیں جن کی سفارش کچھ بھی فائدہ نہیں دیتی مگر اس وقت کہ خدا جس کے لئے چاہے اجازت بخشے اور (سفارش) پسند کرے
53:27جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے وہ فرشتوں کو (خدا کی) لڑکیوں کے نام سے موسوم کرتے ہیں
53:28حالانکہ ان کو اس کی کچھ خبر نہیں۔ وہ صرف ظن پر چلتے ہیں۔ اور ظن یقین کے مقابلے میں کچھ کام نہیں آتا
53:29تو جو ہماری یاد سے روگردانی اور صرف دنیا ہی کی زندگی کا خواہاں ہو اس سے تم بھی منہ پھیر لو
53:30ان کے علم کی انتہا یہی ہے۔ تمہارا پروردگار اس کو بھی خوب جانتا ہے جو اس کے رستے سے بھٹک گیا اور اس سے بھی خوب واقف ہے جو رستے پر چلا
53:31اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب خدا ہی کا ہے (اور اس نے خلقت کو) اس لئے (پیدا کیا ہے) کہ جن لوگوں نے برے کام کئے ان کو ان کے اعمال کا (برا) بدلا دے اور جنہوں نے نیکیاں کیں ان کو نیک بدلہ دے
53:32جو صغیرہ گناہوں کے سوا بڑے بڑے گناہوں اور بےحیائی کی باتوں سے اجتناب کرتے ہیں۔ بےشک تمہارا پروردگار بڑی بخشش والا ہے۔ وہ تم کو خوب جانتا ہے۔ جب اس نے تم کو مٹی سے پیدا کیا اور جب تم اپنی ماؤں کے پیٹ میں بچّے تھے۔ تو اپنے آپ کو پاک صاف نہ جتاؤ۔ جو پرہیزگار ہے وہ اس سے خوب واقف ہے
53:33بھلا تم نے اس شخص کو دیکھا جس نے منہ پھیر لیا
53:34اور تھوڑا سا دیا (پھر) ہاتھ روک لیا
53:35کیا اس کے پاس غیب کا علم ہے کہ وہ اس کو دیکھ رہا ہے
53:36کیا جو باتیں موسیٰ کے صحیفوں میں ہیں ان کی اس کو خبر نہیں پہنچی
53:37اور ابراہیمؑ کی جنہوں نے (حق طاعت ورسالت) پورا کیا
53:38یہ کہ کوئی شخص دوسرے (کے گناہ) کا بوجھ نہیں اٹھائے گا
53:39اور یہ کہ انسان کو وہی ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے
53:40اور یہ کہ اس کی کوشش دیکھی جائے گی
53:41پھر اس کو اس کا پورا پورا بدلا دیا جائے گا
53:42اور یہ کہ تمہارے پروردگار ہی کے پاس پہنچنا ہے
53:43اور یہ کہ وہ ہنساتا اور رلاتا ہے
53:44اور یہ کہ وہی مارتا اور جلاتا ہے
53:45اور یہ کہ وہی نر اور مادہ دو قسم (کے حیوان) پیدا کرتا ہے
53:46(یعنی) نطفے سے جو (رحم میں) ڈالا جاتا ہے
53:47اور یہ کہ (قیامت کو) اسی پر دوبارہ اٹھانا لازم ہے
53:48اور یہ کہ وہی دولت مند بناتا اور مفلس کرتا ہے
53:49اور یہ کہ وہی شعریٰ کا مالک ہے
53:50اور یہ کہ اسی نے عاد اول کو ہلاک کر ڈالا
53:51اور ثمود کو بھی۔ غرض کسی کو باقی نہ چھوڑا
53:52اور ان سے پہلے قوم نوحؑ کو بھی۔ کچھ شک نہیں کہ وہ لوگ بڑے ہی ظالم اور بڑے ہی سرکش تھے
53:53اور اسی نے الٹی ہوئی بستیوں کو دے پٹکا
53:54پھر ان پر چھایا جو چھایا
53:55تو (اے انسان) تو اپنے پروردگار کی کون سی نعمت پر جھگڑے گا
53:56یہ (محمدﷺ) بھی اگلے ڈر سنانے والوں میں سے ایک ڈر سنانے والے ہیں
53:57آنے والی (یعنی قیامت) قریب آ پہنچی
53:58اس (دن کی تکلیفوں) کو خدا کے سوا کوئی دور نہیں کرسکے گا
53:59اے منکرین خدا) کیا تم اس کلام سے تعجب کرتے ہو؟
53:60اور ہنستے ہو اور روتے نہیں؟
53:61اور تم غفلت میں پڑ رہے ہو
53:62تو خدا کے آگے سجدہ کرو اور (اسی کی) عبادت کرو



Share this Surah Translation on Facebook...