Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









adh-Dhariyat Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
51:1بکھیرنے والیوں کی قسم جو اُڑا کر بکھیر دیتی ہیں
51:2پھر (پانی کا) بوجھ اٹھاتی ہیں
51:3پھر آہستہ آہستہ چلتی ہیں
51:4پھر چیزیں تقسیم کرتی ہیں
51:5کہ جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے وہ سچا ہے
51:6اور انصاف (کا دن) ضرور واقع ہوگا
51:7اور آسمان کی قسم جس میں رسے ہیں
51:8کہ (اے اہل مکہ) تم ایک متناقض بات میں (پڑے ہوئے) ہو
51:9اس سے وہی پھرتا ہے جو (خدا کی طرف سے) پھیرا جائے
51:10اٹکل دوڑانے والے ہلاک ہوں
51:11جو بےخبری میں بھولے ہوئے ہیں
51:12پوچھتے ہیں کہ جزا کا دن کب ہوگا؟
51:13اُس دن (ہوگا) جب ان کو آگ میں عذاب دیا جائے گا
51:14اب اپنی شرارت کا مزہ چکھو۔ یہ وہی ہے جس کے لئے تم جلدی مچایا کرتے تھے
51:15بےشک پرہیزگار بہشتوں اور چشموں میں (عیش کر رہے) ہوں گے
51:16اور) جو جو (نعمتیں) ان کا پروردگار انہیں دیتا ہوگا ان کو لے رہے ہوں گے۔ بےشک وہ اس سے پہلے نیکیاں کرتے تھے
51:17رات کے تھوڑے سے حصے میں سوتے تھے
51:18اور اوقات سحر میں بخشش مانگا کرتے تھے
51:19اور ان کے مال میں مانگنے والے اور نہ مانگنے والے (دونوں) کا حق ہوتا تھا
51:20اور یقین کرنے والوں کے لئے زمین میں (بہت سی) نشانیاں ہیں
51:21اور خود تمہارے نفوس میں تو کیا تم دیکھتے نہیں؟
51:22اور تمہارا رزق اور جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے آسمان میں ہے
51:23تو آسمانوں اور زمین کے مالک کی قسم! یہ (اسی طرح) قابل یقین ہے جس طرح تم بات کرتے ہو
51:24بھلا تمہارے پاس ابراہیمؑ کے معزز مہمانوں کی خبر پہنچی ہے؟
51:25جب وہ ان کے پاس آئے تو سلام کہا۔ انہوں نے بھی (جواب میں) سلام کہا (دیکھا تو) ایسے لوگ کہ نہ جان نہ پہچان
51:26تو اپنے گھر جا کر ایک (بھنا ہوا) موٹا بچھڑا لائے
51:27(اور کھانے کے لئے) ان کے آگے رکھ دیا۔ کہنے لگے کہ آپ تناول کیوں نہیں کرتے؟
51:28اور دل میں ان سے خوف معلوم کیا۔ (انہوں نے) کہا کہ خوف نہ کیجیئے۔ اور ان کو ایک دانشمند لڑکے کی بشارت بھی سنائی
51:29تو ابراہیمؑ کی بیوی چلاّتی آئی اور اپنا منہ پیٹ کر کہنے لگی کہ (اے ہے ایک تو) بڑھیا اور (دوسرے) بانجھ
51:30(انہوں نے) کہا (ہاں) تمہارے پروردگار نے یوں ہی فرمایا ہے۔ وہ بےشک صاحبِ حکمت (اور) خبردار ہے
51:31ابراہیمؑ نے کہا کہ فرشتو! تمہارا مدعا کیا ہے؟
51:32انہوں نے کہا کہ ہم گنہگار لوگوں کی طرف بھیجے گئے ہیں
51:33تاکہ ان پر کھنگر برسائیں
51:34جن پر حد سے بڑھ جانے والوں کے لئے تمہارے پروردگار کے ہاں سے نشان کردیئے گئے ہیں
51:35تو وہاں جتنے مومن تھے ان کو ہم نے نکال لیا
51:36اور اس میں ایک گھر کے سوا مسلمانوں کا کوئی گھر نہ پایا
51:37اور جو لوگ عذاب الیم سے ڈرتے ہیں ان کے لئے وہاں نشانی چھوڑ دی
51:38اور موسیٰ (کے حال) میں (بھی نشانی ہے) جب ہم نے ان کو فرعون کی طرف کھلا ہوا معجزہ دے کر بھیجا
51:39تو اس نے اپنی جماعت (کے گھمنڈ) پر منہ موڑ لیا اور کہنے لگا یہ تو جادوگر ہے یا دیوانہ
51:40تو ہم نے اس کو اور اس کے لشکروں کو پکڑ لیا اور ان کو دریا میں پھینک دیا اور وہ کام ہی قابل ملامت کرتا تھا
51:41اور عاد (کی قوم کے حال) میں بھی (نشانی ہے) جب ہم نے ان پر نامبارک ہوا چلائی
51:42وہ جس چیز پر چلتی اس کو ریزہ ریزہ کئے بغیر نہ چھوڑتی
51:43اور (قوم) ثمود (کے حال) میں (نشانی ہے) جب ان سے کہا گیا کہ ایک وقت تک فائدہ اٹھالو
51:44تو انہوں نے اپنے پروردگار کے حکم سے سرکشی کی۔ سو ان کو کڑک نے آ پکڑا اور وہ دیکھ رہے تھے
51:45پھر وہ نہ تو اُٹھنے کی طاقت رکھتے تھے اور نہ مقابلہ ہی کرسکتے تھے
51:46اور اس سے پہلے (ہم) نوح کی قوم کو (ہلاک کرچکے تھے) بےشک وہ نافرمان لوگ تھے
51:47اور آسمانوں کو ہم ہی نے ہاتھوں سے بنایا اور ہم کو سب مقدور ہے
51:48اور زمین کو ہم ہی نے بچھایا تو (دیکھو) ہم کیا خوب بچھانے والے ہیں
51:49اور ہر چیز کی ہم نے دو قسمیں بنائیں تاکہ تم نصیحت پکڑو
51:50تو تم لوگ خدا کی طرف بھاگ چلو میں اس کی طرف سے تم کو صریح رستہ بتانے والا ہوں
51:51اور خدا کے ساتھ کسی اَور کو معبود نہ بناؤ۔ میں اس کی طرف سے تم کو صریح رستہ بتانے والا ہوں
51:52اسی طرح ان سے پہلے لوگوں کے پاس جو پیغمبر آتا وہ اس کو جادوگر یا دیوانہ کہتے
51:53کیا یہ کہ ایک دوسرے کو اسی بات کی وصیت کرتے آئے ہیں بلکہ یہ شریر لوگ ہیں
51:54تو ان سے اعراض کرو۔ تم کو (ہماری) طرف سے ملامت نہ ہوگی
51:55اور نصیحت کرتے رہو کہ نصیحت مومنوں کو نفع دیتی ہے
51:56اور میں نے جنوں اور انسانوں کو اس لئے پیدا کیا ہے کہ میری عبادت کریں
51:57میں ان سے طالب رزق نہیں اور نہ یہ چاہتا ہوں کہ مجھے (کھانا) کھلائیں
51:58خدا ہی تو رزق دینے والا زور آور اور مضبوط ہے
51:59کچھ شک نہیں کہ ان ظالموں کے لئے بھی (عذاب کی) نوبت مقرر ہے جس طرح ان کے ساتھیوں کی نوبت تھی تو ان کو مجھ سے (عذاب) جلدی نہیں طلب کرنا چاہیئے
51:60جس دن کا ان کافروں سے وعدہ کیا جاتا ہے اس سے ان کے لئے خرابی ہے



Share this Surah Translation on Facebook...