Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









as-Saffat Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
37:1قسم ہے صف باندھنے والوں کی پرا جما کر
37:2پھر ڈانٹنے والوں کی جھڑک کر
37:3پھر ذکر (یعنی قرآن) پڑھنے والوں کی (غور کرکر)
37:4کہ تمہارا معبود ایک ہے
37:5جو آسمانوں اور زمین اور جو چیزیں ان میں ہیں سب کا مالک ہے اور سورج کے طلوع ہونے کے مقامات کا بھی مالک ہے
37:6بےشک ہم ہی نے آسمان دنیا کو ستاروں کی زینت سے مزین کیا
37:7اور ہر شیطان سرکش سے اس کی حفاظت کی
37:8کہ اوپر کی مجلس کی طرف کان نہ لگاسکیں اور ہر طرف سے (ان پر انگارے) پھینکے جاتے ہیں
37:9(یعنی وہاں سے) نکال دینے کو اور ان کے لئے دائمی عذاب ہے
37:10ہاں جو کوئی (فرشتوں کی کسی بات کو) چوری سے جھپٹ لینا چاہتا ہے تو جلتا ہوا انگارہ ان کے پیچھے لگتا ہے
37:11تو ان سے پوچھو کہ ان کا بنانا مشکل ہے یا جتنی خلقت ہم نے بنائی ہے؟ انہیں ہم نے چپکتے گارے سے بنایا ہے
37:12ہاں تم تو تعجب کرتے ہو اور یہ تمسخر کرتے ہیں
37:13اور جب ان کو نصیحت دی جاتی ہے تو نصیحت قبول نہیں کرتے
37:14اور جب کوئی نشانی دیکھتے ہیں تو ٹھٹھے کرتے ہیں
37:15اور کہتے ہیں کہ یہ تو صریح جادو ہے
37:16بھلا جب ہم مرگئے اور مٹی اور ہڈیاں ہوگئے تو کیا پھر اٹھائے جائیں گے؟
37:17اور کیا ہمارے باپ دادا بھی (جو) پہلے (ہو گزرے ہیں)
37:18کہہ دو کہ ہاں اور تم ذلیل ہوگے
37:19وہ تو ایک زور کی آواز ہوگی اور یہ اس وقت دیکھنے لگیں گے
37:20اور کہیں گے، ہائے شامت یہی جزا کا دن ہے
37:21(کہا جائے گا کہ ہاں) فیصلے کا دن جس کو تم جھوٹ سمجھتے تھے یہی ہے
37:22جو لوگ ظلم کرتے تھے ان کو اور ان کے ہم جنسوں کو اور جن کو وہ پوجا کرتے تھے (سب کو) جمع کرلو
37:23(یعنی جن کو) خدا کے سوا (پوجا کرتے تھے) پھر ان کو جہنم کے رستے پر چلا دو
37:24اور ان کو ٹھیرائے رکھو کہ ان سے (کچھ) پوچھنا ہے
37:25تم کو کیا ہوا کہ ایک دوسرے کی مدد نہیں کرتے؟
37:26بلکہ آج تو وہ فرمانبردار ہیں
37:27اور ایک دوسرے کی طرف رخ کرکے سوال (وجواب) کریں گے
37:28کہیں گے کیا تم ہی ہمارے پاس دائیں (اور بائیں) سے آتے تھے
37:29وہ کہیں گے بلکہ تم ہی ایمان لانے والے نہ تھے
37:30اور ہمارا تم پر کچھ زور نہ تھا۔ بلکہ تم سرکش لوگ تھے
37:31سو ہمارے بارے میں ہمارے پروردگار کی بات پوری ہوگئی اب ہم مزے چکھیں گے
37:32ہم نے تم کو بھی گمراہ کیا (اور) ہم خود بھی گمراہ تھے
37:33پس وہ اس روز عذاب میں ایک دوسرے کے شریک ہوں گے
37:34ہم گنہگاروں کے ساتھ ایسا ہی کیا کرتے ہیں
37:35ان کا یہ حال تھا کہ جب ان سے کہا جاتا تھا کہ خدا کے سوا کوئی معبود نہیں تو غرور کرتے تھے
37:36اور کہتے تھے کہ بھلا ہم ایک دیوانے شاعر کے کہنے سے کہیں اپنے معبودوں کو چھوڑ دینے والے ہیں
37:37بلکہ وہ حق لے کر آئے ہیں اور (پہلے) پیغمبروں کو سچا کہتے ہیں
37:38بےشک تم تکلیف دینے والے عذاب کا مزہ چکھنے والے ہو
37:39اور تم کو بدلہ ویسا ہی ملے گا جیسے تم کام کرتے تھے
37:40مگر جو خدا کے بندگان خاص ہیں
37:41یہی لوگ ہیں جن کے لئے روزی مقرر ہے
37:42(یعنی) میوے اور ان کا اعزاز کیا جائے گا
37:43نعمت کے باغوں میں
37:44ایک دوسرے کے سامنے تختوں پر (بیٹھے ہوں گے)
37:45شراب لطیف کے جام کا ان میں دور چل رہا ہوگا
37:46جو رنگ کی سفید اور پینے والوں کے لئے (سراسر) لذت ہوگی
37:47نہ اس سے دردِ سر ہو اور نہ وہ اس سے متوالے ہوں گے
37:48اور ان کے پاس عورتیں ہوں گی جو نگاہیں نیچی رکھتی ہوں گی اور آنکھیں بڑی بڑی
37:49گویا وہ محفوظ انڈے ہیں
37:50پھر وہ ایک دوسرے کی طرف رخ کرکے سوال (وجواب) کریں گے
37:51ایک کہنے والا ان میں سے کہے گا کہ میرا ایک ہم نشین تھا
37:52(جو) کہتا تھا کہ بھلا تم بھی ایسی باتوں کے باور کرنے والوں میں ہو
37:53بھلا جب ہم مر گئے اور مٹی اور ہڈیاں ہوگئے تو کیا ہم کو بدلہ ملے گا؟
37:54(پھر) کہے گا کہ بھلا تم (اسے) جھانک کر دیکھنا چاہتے ہو؟
37:55(اتنے میں) وہ (خود) جھانکے گا تو اس کو وسط دوزخ میں دیکھے گا
37:56کہے گا کہ خدا کی قسم تُو تو مجھے ہلاک ہی کرچکا تھا
37:57اور اگر میرے پروردگار کی مہربانی نہ ہوتی تو میں بھی ان میں ہوتا جو (عذاب میں) حاضر کئے گئے ہیں
37:58کیا (یہ نہیں کہ) ہم (آئندہ کبھی) مرنے کے نہیں
37:59ہاں (جو) پہلی بار مرنا (تھا سو مرچکے) اور ہمیں عذاب بھی نہیں ہونے کا
37:60بےشک یہ بڑی کامیابی ہے
37:61ایسی ہی (نعمتوں) کے لئے عمل کرنے والوں کو عمل کرنے چاہئیں
37:62بھلا یہ مہمانی اچھی ہے یا تھوہر کا درخت؟
37:63ہم نے اس کو ظالموں کے لئے عذاب بنا رکھا ہے
37:64وہ ایک درخت ہے کہ جہنم کے اسفل میں اُگے گا
37:65اُس کے خوشے ایسے ہوں گے جیسے شیطانوں کے سر
37:66سو وہ اسی میں سے کھائیں گے اور اسی سے پیٹ بھریں گے
37:67پھر اس (کھانے) کے ساتھ ان کو گرم پانی ملا کر دیا جائے گا
37:68پھر ان کو دوزخ کی طرف لوٹایا جائے گا
37:69انہوں نے اپنے باپ دادا کو گمراہ ہی پایا
37:70سو وہ ان ہی کے پیچھے دوڑے چلے جاتے ہیں
37:71اور ان سے پیشتر بہت سے لوگ بھی گمراہ ہوگئے تھے
37:72اور ہم نے ان میں متنبہ کرنے والے بھیجے
37:73سو دیکھ لو کہ جن کو متنبہ کیا گیا تھا ان کا انجام کیسا ہوا
37:74ہاں خدا کے بندگان خاص (کا انجام بہت اچھا ہوا)
37:75اور ہم کو نوح نے پکارا سو (دیکھ لو کہ) ہم (دعا کو کیسے) اچھے قبول کرنے والے ہیں
37:76اور ہم نے ان کو اور ان کے گھر والوں کو بڑی مصیبت سے نجات دی
37:77اور ان کی اولاد کو ایسا کیا کہ وہی باقی رہ گئے
37:78اور پیچھے آنے والوں میں ان کا ذکر (جمیل باقی) چھوڑ دیا
37:79یعنی) تمام جہان میں (کہ) نوح پر سلام
37:80نیکوکاروں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
37:81بےشک وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھا
37:82پھر ہم نے دوسروں کو ڈبو دیا
37:83اور ان ہی کے پیرووں میں ابراہیم تھے
37:84جب وہ اپنے پروردگار کے پاس (عیب سے) پاک دل لے کر آئے
37:85جب انہوں نے اپنے باپ سے اور اپنی قوم سے کہا کہ تم کن چیزوں کو پوجتے ہو؟
37:86کیوں جھوٹ (بنا کر) خدا کے سوا اور معبودوں کے طالب ہو؟
37:87بھلا پروردگار عالم کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے؟
37:88تب انہوں نے ستاروں کی طرف ایک نظر کی
37:89اور کہا میں تو بیمار ہوں
37:90تب وہ ان سے پیٹھ پھیر کر لوٹ گئے
37:91پھر ابراہیم ان کے معبودوں کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے کہ تم کھاتے کیوں نہیں؟
37:92تمہیں کیا ہوا ہے تم بولتے نہیں؟
37:93پھر ان کو داہنے ہاتھ سے مارنا (اور توڑنا) شروع کیا
37:94تو وہ لوگ ان کے پاس دوڑے ہوئے آئے
37:95انہوں نے کہا کہ تم ایسی چیزوں کو کیوں پوجتے ہو جن کو خود تراشتے ہو؟
37:96حالانکہ تم کو اور جو تم بناتے ہو اس کو خدا ہی نے پیدا کیا ہے
37:97وہ کہنے لگے کہ اس کے لئے ایک عمارت بناؤ پھر اس کو آگ کے ڈھیر میں ڈال دو
37:98غرض انہوں نے ان کے ساتھ ایک چال چلنی چاہی اور ہم نے ان ہی کو زیر کردیا
37:99اور ابراہیم بولے کہ میں اپنے پروردگار کی طرف جانے والا ہوں وہ مجھے رستہ دکھائے گا
37:100اے پروردگار مجھے (اولاد) عطا فرما (جو) سعادت مندوں میں سے (ہو)
37:101تو ہم نے ان کو ایک نرم دل لڑکے کی خوشخبری دی
37:102جب وہ ان کے ساتھ دوڑنے (کی عمر) کو پہنچا تو ابراہیم نے کہا کہ بیٹا میں خواب میں دیکھتا ہوں کہ (گویا) تم کو ذبح کر رہا ہوں تو تم سوچو کہ تمہارا کیا خیال ہے؟ انہوں نے کہا کہ ابا جو آپ کو حکم ہوا ہے وہی کیجیئے خدا نے چاہا تو آپ مجھے صابروں میں پایئے گا
37:103جب دونوں نے حکم مان لیا اور باپ نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹا دیا
37:104تو ہم نے ان کو پکارا کہ اے ابراہیم
37:105تم نے خواب کو سچا کر دکھایا۔ ہم نیکوکاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
37:106بلاشبہ یہ صریح آزمائش تھی
37:107اور ہم نے ایک بڑی قربانی کو ان کا فدیہ دیا
37:108اور پیچھے آنے والوں میں ابراہیم کا (ذکر خیر باقی) چھوڑ دیا
37:109کہ ابراہیم پر سلام ہو
37:110نیکوکاروں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
37:111وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
37:112اور ہم نے ان کو اسحاق کی بشارت بھی دی (کہ وہ) نبی (اور) نیکوکاروں میں سے (ہوں گے)
37:113اور ہم نے ان پر اور اسحاق پر برکتیں نازل کی تھیں۔ اور ان دونوں اولاد کی میں سے نیکوکار بھی ہیں اور اپنے آپ پر صریح ظلم کرنے والے (یعنی گنہگار) بھی ہیں
37:114اور ہم نے موسیٰ اور ہارون پر بھی احسان کئے
37:115اور ان کو اور ان کی قوم کو مصیبت عظیمہ سے نجات بخشی
37:116اور ان کی مدد کی تو وہ غالب ہوگئے
37:117اور ان دونوں کو کتاب واضح (المطالب) عنایت کی
37:118اور ان کو سیدھا رستہ دکھایا
37:119اور پیچھے آنے والوں میں ان کا ذکر (خیر باقی) چھوڑ دیا
37:120کہ موسیٰ اور ہارون پر سلام
37:121بےشک ہم نیکوکاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
37:122وہ دونوں ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
37:123اور الیاس بھی پیغمبروں میں سے تھے
37:124جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ تم ڈرتے کیوں نہیں؟
37:125کیا تم بعل کو پکارتے (اور اسے پوجتے) ہو اور سب سے بہتر پیدا کرنے والے کو چھوڑ دیتے ہو
37:126(یعنی) خدا کو جو تمہارا اور تمہارے اگلے باپ دادا کا پروردگار ہے
37:127تو ان لوگوں نے ان کو جھٹلا دیا۔ سو وہ (دوزخ میں) حاضر کئے جائیں گے
37:128ہاں خدا کے بندگان خاص (مبتلائے عذاب نہیں) ہوں گے
37:129اور ان کا ذکر (خیر) پچھلوں میں (باقی) چھوڑ دیا
37:130کہ اِل یاسین پر سلام
37:131ہم نیک لوگوں کو ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں
37:132بےشک وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
37:133اور لوط بھی پیغمبروں میں سے تھے
37:134جب ہم نے ان کو اور ان کے گھر والوں کو سب کو (عذاب سے) نجات دی
37:135مگر ایک بڑھیا کہ پیچھے رہ جانے والوں میں تھی
37:136پھر ہم نے اوروں کو ہلاک کردیا
37:137اور تم دن کو بھی ان (کی بستیوں) کے پاس سے گزرتے رہتے ہو
37:138اور رات کو بھی۔ تو کیا تم عقل نہیں رکھتے
37:139اور یونس بھی پیغمبروں میں سے تھے
37:140جب بھاگ کر بھری ہوئی کشتی میں پہنچے
37:141اس وقت قرعہ ڈالا تو انہوں نے زک اُٹھائی
37:142پھر مچھلی نے ان کو نگل لیا اور وہ (قابل) ملامت (کام) کرنے والے تھے
37:143پھر اگر وہ (خدا کی) پاکی بیان نہ کرتے
37:144تو اس روز تک کہ لوگ دوبارہ زندہ کئے جائیں گے اسی کے پیٹ میں رہتے
37:145پھر ہم نے ان کو جب کہ وہ بیمار تھے فراخ میدان میں ڈال دیا
37:146اور ان پر کدو کا درخت اُگایا
37:147اور ان کو لاکھ یا اس سے زیادہ (لوگوں) کی طرف (پیغمبر بنا کر) بھیجا
37:148تو وہ ایمان لے آئے سو ہم نے بھی ان کو (دنیا میں) ایک وقت (مقرر) تک فائدے دیتے رہے
37:149ان سے پوچھو تو کہ بھلا تمہارے پروردگار کے لئے تو بیٹیاں اور ان کے لئے بیٹے
37:150یا ہم نے فرشتوں کو عورتیں بنایا اور وہ (اس وقت) موجود تھے
37:151دیکھو یہ اپنی جھوٹ بنائی ہوئی (بات) کہتے ہیں
37:152کہ خدا کے اولاد ہے کچھ شک نہیں کہ یہ جھوٹے ہیں
37:153کیا اس نے بیٹوں کی نسبت بیٹیوں کو پسند کیا ہے؟
37:154تم کیسے لوگ ہو، کس طرح کا فیصلہ کرتے ہو
37:155بھلا تم غور کیوں نہیں کرتے
37:156یا تمہارے پاس کوئی صریح دلیل ہے
37:157اگر تم سچے ہو تو اپنی کتاب پیش کرو
37:158اور انہوں نے خدا میں اور جنوں میں رشتہ مقرر کیا۔ حالانکہ جنات جانتے ہیں کہ وہ (خدا کے سامنے) حاضر کئے جائیں گے
37:159یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں خدا اس سے پاک ہے
37:160مگر خدا کے بندگان خالص (مبتلائے عذاب نہیں ہوں گے)
37:161سو تم اور جن کو تم پوجتے ہو
37:162خدا کے خلاف بہکا نہیں سکتے
37:163مگر اس کو جو جہنم میں جانے والا ہے
37:164اور (فرشتے کہتے ہیں کہ) ہم میں سے ہر ایک کا ایک مقام مقرر ہے
37:165اور ہم صف باندھے رہتے ہیں
37:166اور (خدائے) پاک (ذات) کا ذکر کرتے رہتے ہیں
37:167اور یہ لوگ کہا کرتے تھے
37:168کہ اگر ہمارے پاس اگلوں کی کوئی نصیحت (کی کتاب) ہوتی
37:169تو ہم خدا کے خالص بندے ہوتے
37:170لیکن (اب) اس سے کفر کرتے ہیں سو عنقریب ان کو (اس کا نتیجہ) معلوم ہوجائے گا
37:171اور اپنے پیغام پہنچانے والے بندوں سے ہمارا وعدہ ہوچکا ہے
37:172کہ وہی (مظفرو) منصور ہیں
37:173اور ہمارا لشکر غالب رہے گا
37:174تو ایک وقت تک ان سے اعراض کئے رہو
37:175اور انہیں دیکھتے رہو۔ یہ بھی عنقریب (کفر کا انجام) دیکھ لیں گے
37:176کیا یہ ہمارے عذاب کے لئے جلدی کر رہے ہیں
37:177مگر جب وہ ان کے میدان میں آ اُترے گا تو جن کو ڈر سنا دیا گیا تھا ان کے لئے برا دن ہوگا
37:178اور ایک وقت تک ان سے منہ پھیرے رہو
37:179اور دیکھتے رہو یہ بھی عنقریب (نتیجہ) دیکھ لیں گے
37:180یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں تمہارا پروردگار جو صاحب عزت ہے اس سے (پاک ہے)
37:181اور پیغمبروں پر سلام
37:182اور سب طرح کی تعریف خدائے رب العالمین کو (سزاوار) ہے



Share this Surah Translation on Facebook...